مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں تین خلاف ورزی کرنے والے تیل بردار جہازوں کے دھماکوں اور ان میں شدید آتش زدگی کی اطلاع دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز غیر مجاز راستے آزمانے اور بحری انتباہات کو نظر انداز کرنے کی جگہ نہیں ہے۔
بیان کا متن درج ذیل ہے:
موصولہ آپریشنل رپورٹس کے مطابق، گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے پانیوں میں تین خلاف ورزی کرنے والے تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔
ان میں سے ایک تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے جنوبی ساحل کے قریب، جبکہ دیگر دو جہاز آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے۔ یہ جہاز امریکی جارح فوج کی وسیع فضائی نگرانی اور حفاظتی حصار میں سفر کر رہے تھے، تاہم شدید دھماکوں کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
امریکی فوج کی فضائی حفاظتی نگرانی ان واقعات کو روکنے میں ناکام رہی۔ ان جہازوں میں دھماکوں اور آتش زدگی کی تصاویر آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کی جائیں گی۔
سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی بحریہ اعلان کرتی ہے کہ آبنائے ہرمز غیر مجاز راستے آزمانے اور بحری انتباہات کو نظر انداز کرنے کی جگہ نہیں ہے۔
تیل بردار جہازوں کے مالکان، کپتانوں اور بحری جہاز رانی کی کمپنیوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ امریکی فوج کی جانب سے فوجی تحفظ اور حفاظتی حصار، بحری جہاز رانی کے ضوابط اور سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی بحریہ کی آمد و رفت کے مرکزی کنٹرول کی ہدایات پر عمل درآمد کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
غیر مجاز راستوں سے کسی بھی قسم کی آمدورفت اور جاری کردہ انتباہات کو نظر انداز کرنا خلاف ورزی اور امریکی دہشت گرد افواج کے ساتھ تعاون تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف اعلان کردہ ضوابط کے مطابق پوری سختی سے کارروائی کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ